امت نیوز ڈیسک //
آدم پور: پاکستان کے ساتھ فوجی کارروائی روکے جانے پر اتفاق کے دو دن بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح پنجاب کے آدم پور ایئر فورس اسٹیشن کا دورہ کیا اور جوانوں سے بات چیت کی۔
وزیر اعظم کے دفتر نے منگل کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیر اعظم کے آدم پور دورے کی معلومات دی اور جوانوں کے ساتھ مسٹر مودی کی بات چیت کی ایک تصویر بھی مشترک کی۔
مودی نے پوسٹ میں کہا، "آج صبح میں آدم پورایئر فورس اسٹیشن گیا اور ہمارے بہادر فضائی جانبازوں اور فوجیوں سے ملاقات کی۔ ہمت، عزم اور بے خوفی کی علامت جوانوں کے ساتھ ہونا ایک بہت ہی خاص تجربہ تھا۔ ہندوستان اپنی مسلح افواج کے تئیں ہمیشہ شکر گزار رہے گا، کیونکہ وہ ہمارے ملک کے لیے سب کچھ کرتے ہیں۔”
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نے پیر کی رات قوم سے خطاب میں پاکستان کو سخت انتباہ دیا تھا کہ ہندوستان ،پاکستان کی طرف سے جوہری حملے کی دھمکی سے بلیک میل نہیں ہوگا اور اگر اسے بچنا ہے تو دہشت گردی کے ڈھانچے کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم نے بین الاقوامی برادری سے بھی واضح طور پر کہا کہ ہندوستان کی پالیسی میں دہشت گردی اور تجارت، دہشت گردی اور بات چیت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب دہشت گردی کے سرغنوں اور دہشت گردی کی سرپرست حکومت کو الگ الگ نہیں دیکھا جائے گا اور پاکستان کے ساتھ کوئی بھی بات چیت دہشت گردی اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بارے میں ہی ہوگی۔









