امت نیوز ڈیسک //
شوپیان: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے ڈی کے پورہ امام صاحب علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دو ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی فوج کی 34 آر آر، شوپیاں کی اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، اور سی آر پی ایف کی 178 بٹالین نے مشترکہ طور پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر شوپیاں ضلع کے ڈی کے پورہ میں انجام دی۔ دورانِ تلاشی دو پستول، چار گرینیڈ، 43 زندہ کارتوس، اور دیگر قابلِ اعتراض مواد برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کا تعلق ملی ٹنٹ تنظیموں کے معاون نیٹ ورک سے ہے اور ان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کی 13 تاریخ کو شوپیاں کے دونارہ کیلر علاقے میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر شاہد کُٹے سمیت تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
اپریل کے شروع میں، پہلگام حملے کے بعد، سری نگر پولیس نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے اوور گراؤنڈ ورکرز اور ممنوعہ تنظیموں کے ساتھیوں کی رہائش گاہوں پر شہر بھر میں متعدد مقامات پر وسیع تلاشی لی۔










