امت نیوز ڈیسک //
اتراکھنڈ :اتراکھنڈ کے کیدارناتھ میں گوری کنڈ کے جنگلات میں اتوار کی صبح ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ اس میں چھ افراد سوار تھے۔ اتراکھنڈ کے اے ڈی جی (لاء اینڈ آرڈر) ڈاکٹر وی مرگیشن نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ ریاستی حکومت نے بتایا ہے کہ 15 جون کی صبح تقریباً 5:20 بجے آرین ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر VTBKA/ BELL 407 گوری کنڈ کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر کیدارناتھ دھام سے گپت کاشی جا رہا تھا۔
ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت کل 6 مسافر سوار تھے (5 بالغ اور 1 بچہ)۔ ہیلی کاپٹر میں سوار مسافر اتراکھنڈ، اتر پردیش، مہاراشٹر اور گجرات کے رہائشی ہیں۔ آئی جی گڑھوال راجیور سروپ نے بتایا کہ کریش ہونے والا ہیلی کاپٹر یاتریوں کو کیدارناتھ چھوڑنے کے بعد گوری کنڈ کے لیے روانہ ہوا تھا۔ جس مقام پر یہ حادثہ پیش آیا، وہ انتہائی دشوار گزار علاقہ ہے۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔
گزشتہ کچھ دنوں میں کیدارناتھ میں پیش آنے والا یہ تیسرا ہیلی کاپٹر حادثہ ہے۔ اس سے قبل 17 مئی اور پھر 7 جون کو بھی ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا تھا۔ مئی میں دہرادون سے گنگوتری دھام جا رہا ایک ہیلی کاپٹر اترکاشی کے گنگنانی کے قریب کریش ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں چھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔
احمد آباد طیارہ حادثے پر پورا ملک سوگوار
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ احمد آباد میں پیش آئے طیارہ حادثے کے بعد پورے ملک میں فضا انتہائی سوگوار ہے۔ یہ حادثہ احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب میگھانی نگر علاقے میں پیش آیا تھا۔
اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کا اظہار افسوس
اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دھامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا:
"ضلع رودر پریاگ میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کی نہایت افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ ایس ڈی آر ایف، مقامی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو ٹیمیں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔”










