امت نیوز ڈیسک //
جموں: ضلع ڈوڈہ کی ضلعی انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام اسکولوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں میں نان ویج کھانوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے تاکہ سیکولر اصولوں کی پاسداری اور سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ والدین، متعلقہ افراد اور مختلف طبقوں کی جانب سے موصول ہونے والی متعدد شکایات اور نمائندگیوں کے بعد کیا گیا ہے۔
ان شکایات میں اسکولوں کے باورچی خانوں میں نان ویج کھانے کی تیاری، خصوصاً اسکول تقاریب پر اعتراض کیا گیا تھا۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں ممکنہ طور پر فرقہ وارانہ حساسیت پیدا کر سکتی ہیں اور کچھ طلبہ کو دوپہر کے کھانے سے دور رکھ سکتی ہیں۔ 27 جون 2025 کو جاری کردہ آرڈر نمبر DCO/PA-01/25/639-77 میں واضح ہدایات دی گئی ہیں نان ویج کھانے پر مکمل پابندی کسی بھی تعلیمی ادارے میں نان ویج کھانوں کی تیاری، تقسیم یا فراہمی کی اجازت نہیں تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی طالبعلم یا فرد کو ان کی غذائی ترجیحات کی بنیاد پر ادارہ جاتی تقریبات سے سماجی طور پر الگ نہ کیا جائے۔
سرکیولر میں زور دیا گیا ہے کہ یہ اقدامات معاشرے کے سیکولر ڈھانچے کی حفاظت، طلبہ و عملے کی دل آزاری سے بچاؤ، اور تمام مذہبی و ثقافتی روایات کا احترام کرتے ہوئے مساوی نظامِ حکومت کے لیے ناگزیر ہیں۔اس حکم نامے کی نقول ڈویژنل کمشنر جموں، ایس ایس پی ڈوڈہ، سب ڈویژنل مجسٹریٹس، سرکاری ڈگری کالجوں کے پرنسپلز، تحصیلداروں، زیڈ ای اوز، اور اسکول سربراہان کو ارسال کی گئی ہیں تاکہ اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جا سکے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ کو خاص طور پر اس حکم کی نگرانی اور تعمیل یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔









