امت نیوز ڈیسک //
جموں، 14 اگست: جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں ہندوؤں کی مقدس عبادت گاہ مچیل ماتا کے راستے چشوتی علاقے میں بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد بڑی تباہی کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ بادل پھٹنے کے واقعہ میں 22 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ ابھی بھی متعدد افراد لاپتہ ہیں۔ یاتریوں کا ایک گروپ مچیل ماتا مندر میں درشن کےلئے جارہا تھا کہ بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس واقعہ میں 22 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کشتواڑ دونوں ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
چوسیٹی کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے تباہی کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع ہوگیا ہے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سول، پولیس، آرمی، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بچاؤ اور راحت کے کاموں میں تیزی لائے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’کشتواڑ ضلع میں بادل پھٹنے پر جموں و کشمیر کے ایل جی اور وزیر اعلیٰ سے بات کی۔ مقامی انتظامیہ راحت اور بچاؤ کا کام کر رہی ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ ہو گئی ہیں۔ ہم حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر صورت حال میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ضرورت مند لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی‘۔
وہیں جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی بادل پھٹنے کے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر ٹوئٹ کیا کہ ’میں نے ابھی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بات کی ہے تاکہ انہیں جموں کے کشتواڑ علاقے کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ خبر سنگین ہے۔ بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد ریسکیو آپریشنز کو منظم کرنے کے لیے جموں و کشمیر کے اندر اور باہر سے تمام ممکنہ وسائل کو متحرک کیا جا رہا ہے‘۔
کشتواڑ کے چشوتی میں بادل پھٹنے کے واقعہ پر میر واعظ عمر فاروق نے بھی غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’چشوتی، کشتواڑ میں ہونے والے بادل پھٹنے کے المناک واقعہ سے شدید غم ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچی‘۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں کے تئیں میری دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔
کشتواڑ کے چشوتی علاقے میں بادل پھٹنے سے سیلاب جیسے حالات ہوگئے۔ اس واقعہ سے مچل ماتا یاترا میں شامل متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔









