امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں ڈویژن میں مسلسل خراب اور خراب تر ہوتے موسمی حالات کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے کل یعنی 18 اگست 2025 کو تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ کیونکہ جموں ڈویژن کے متعدد اضلاع میں بھاری بارشوں اور طغیانی جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔
ڈاکٹر نسیم چودھری نے کہا کہ خراب موسمی صورتحال کے سبب کل تمام اسکول بند رہیں گے۔ جموں خطہ گزشتہ کئی دنوں سے لگاتار بارشوں کی زد میں ہے۔ جس کی وجہ سے فلیش فلڈ، زمین کھسکنے اور دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ خاص طور پر ڈوڈہ، رام بن، کشتواڑ، ریاسی، کٹھوعہ اور ادھمپور جیسے اضلاع میں حکام نے پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
اب تک ستر سے زیادہ ہلاک
واضح رہے کہ رواں موسم میں کشتواڑ اور کٹھوعہ میں تباہ کن بادل پھٹنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ کشتواڑ کے ایک دور دراز گاؤں میں گزشتہ ماہ بادل پھٹنے سے ساٹھ سے زائد افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے، جب کہ کٹھوعہ ضلع کے جود گھاٹی گاؤں راج باغ میں بادل پھٹنے سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور وسیع پیمانے پر زمین و جائیداد کو نقصان پہنچا۔
حکام نے کہا ہے کہ بارشوں کے موجودہ سلسلے نے ایک بار پھر فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھا دیے ہیں۔ دوسری جانب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم سے فوری رابطہ کریں۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور دیگر ریسکیو ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔









