امت نیوز ڈیسک //
اودھمپور، 20 ستمبر: اودھمپور ضلع کے بالائی علاقوں کے ایک دور دراز جنگل میں فوج اور پولیس نے ہفتہ کی صبح ملی ٹینٹوں کے خلاف مشترکہ کارروائی دوبارہ شروع کی، جس دوران جمعہ کی شام جھڑپ میں شدید زخمی ہونے والا ایک فوجی دم توڑ گیا، حکام نے بتایا۔
حکام کے مطابق، یہ فوجی جمعہ کی شام اُس وقت زخمی ہوا تھا جب ملی ٹینٹوں نے فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کی مشترکہ سرچ پارٹی پر سیوج دھار کے جنگلاتی علاقے، جو دودو-بسنٹ گڑھ (اودھمپور) اور بھدرواہ (ڈوڈہ) کے درمیان واقع ہے، فائرنگ کی۔ زخمی فوجی کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اُس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جھڑپ کے مقام کے اطراف رات بھر سخت گھیرابندی رکھی گئی اور ہفتے کی صبح دوبارہ سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دو سے تین ملی ٹینٹ جنگل میں چھپے ہوئے ہیں۔
فوج اور پولیس نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا ہے، جس کے لیے اودھمپور اور ڈوڈہ سے اضافی کمک، ڈرونز اور سونگھنے والے کتوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ تاہم تازہ ترین اطلاعات تک دہشت گردوں کے ساتھ دوبارہ کوئی براہ راست جھڑپ نہیں ہوئی۔










