امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی/لیہ، 30 ستمبر: وزارتِ داخلہ نے منگل کے روز لیہ ضلع میں عوامی تحفظ اور سلامتی کے خدشات کے پیشِ نظر 29 ستمبر کی شام سے 3 اکتوبر تک موبائل انٹرنیٹ اور عوامی وائی فائی خدمات کو مکمل طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز کارنر (کے این سی) کے مطابق وزارتِ داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری (سائبر و انفارمیشن سکیورٹی) کی جانب سے جاری سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ موبائل ڈیٹا خدمات بشمول 2G، 3G، 4G اور 5G کے ساتھ عوامی وائی فائی نیٹ ورکس کو 29 ستمبر شام 6 بجے سے 3 اکتوبر شام 6 بجے تک بند رکھا جائے گا۔
یہ معطلی ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ 2023 اور ٹیلی کمیونیکیشنز (عارضی معطلی خدمات) رولز 2024 کے تحت نافذ کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ "ناگزیر حالات” کے باعث فوری کارروائی ضروری تھی تاکہ "عوامی ہنگامی صورتحال کو روکا جا سکے اور جرائم کے بھڑکنے سے بچا جا سکے۔”
حکم نامے کو مجاز اتھارٹی کی منظوری حاصل ہے اور یہ لیہ ضلع کی پوری حدود میں نافذ العمل رہے گا۔ —(کے این سی)









