امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 6 اکتوبر: دہلی ہائی کورٹ نے پیر کے روز بارہمولہ لوک سبھا حلقے سے رکن پارلیمان (ایم پی) انجینئر عبدالرشید شیخ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک حلف نامہ داخل کریں جس میں یہ واضح کریں کہ ان کے خلاف کوئی دیگر فوجداری مقدمہ زیرِ سماعت نہیں ہے۔ یہ ہدایت عدالت نے ان کی باقاعدہ ضمانت کی عرضی پر سماعت کے دوران دی۔
ایک پارٹی ترجمان نے کشمیر نیوز آبزرور کو بتایا کہ انہیں منصفانہ فیصلے کی پوری امید ہے۔
ترجمان نے کہا، "ہم پرامید ہیں کہ انصاف قائم ہوگا۔ ہمیں آئین اور عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔ انجینئر رشید بے قصور ہیں اور 2019 میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔”
انہوں نے مزید تصدیق کی کہ اس معاملے کی اگلی سماعت 15 اکتوبر کو مقرر کی گئی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ باقاعدہ ضمانت کی درخواست دہلی ہائی کورٹ میں اُس وقت دائر کی گئی جب این آئی اے عدالت نے انجینئر رشید کی ضمانت کی عرضی مسترد کر دی تھی۔








