امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 15 نومبر:وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ نوگام کے حادثاتی دھماکے سے متاثرہ افراد کو حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے وزیرِ صحت سکینہ ایتو کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے، جبکہ دھماکے میں تباہ شدہ ڈھانچوں کو مناسب معاوضہ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جموں و کشمیر کے چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے جاری ایک پوسٹ میں کہا گیا:
“وزیراعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ حکومت نوگام پولیس اسٹیشن کے افسوسناک دھماکے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔”
پوسٹ میں مزید کہا گیا:
“انہوں نے وزیرِ صحت سکینہ ایتو کو زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے اور دھماکے میں متاثر ہونے والے ڈھانچوں کو مناسب معاوضہ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔”
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ شب نوگام پولیس اسٹیشن میں اس وقت دھماکہ ہوا جب حال ہی میں ضبط کیے گئے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد کا فرانزک معائنے کے لیے نمونہ لیا جا رہا تھا۔ اس حادثے میں نو افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔









