امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے انجینئر رشید کی حراستی پیرول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ بدھ کے روز جیل میں بند جموں و کشمیر کے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کی طرف سے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں شرکت کے لئے حراستی پیرول یا عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ایڈیشنل سیشن جج پرشانت شرما نے شیخ عبدالرشید کی درخواست کی سماعت کی۔ انجینئر رشید کی جانب سے ایڈوکیٹ وکیات اوبرائے نے پیروی کی۔
انہوں نے اس بنیاد پر عبوری ضمانت یا حراستی پیرول کی درخواست کی کہ انجینئر رشید ایک رکن پارلیمنٹ ہیں اور انہیں اپنی عوامی ذمہ داری کی تکمیل کے لیے یکم دسمبر سے پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس میں شرکت کرنا ضروری ہے۔
عدالت نے ان کیمرہ کارروائی کی اور امکان ہے کہ جمعرات کو فیصلہ سنایا جائے گا۔
اس سے قبل 21 نومبر کو تفتیشی ایجنسی نے درخواست پر ہدایات لینے کے لیے وقت مانگا تھا۔
انجینئر رشید نے بارہمولہ میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو شکست دی تھی۔
عدالت نے اس سے قبل انجینئر رشید کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں شرکت کے لیے 24 جولائی سے 4 اگست کے درمیان حراستی پیرول دیا تھا۔
عدالت نے انہیں جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوران مہم چلانے کے لیے عبوری ضمانت بھی دی تھی۔
انجینئر رشید 2019 سے تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ انجینئر رشید کو 2017 کے دہشت گردی فنڈنگ کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کیا تھا۔










