امت نیوز ڈیسک //
اودھم پور، 16 دسمبر: اودھم پور ضلع میں پیر کی شام سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والے انکاؤنٹر کے دوران اسپیشل آپریشنز گروپ کے مزید دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز کارنر (کے این سی) کو بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو مزید ایس او جی جوان زخمی ہوئے، جبکہ عسکریت پسندوں کے بھی زخمی ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل ایک ایس او جی جوان شدید زخمی حالت میں دم توڑ گیا تھا۔
یہ انکاؤنٹر اس وقت شروع ہوا جب سکیورٹی فورسز نے مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے بعد شدید جھڑپ شروع ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ فی الحال رک گئی ہے، تاہم پورے علاقے کو سخت سکیورٹی محاصرے میں رکھا گیا ہے۔ تمام ممکنہ فرار کے راستے سیل کر دیے گئے ہیں تاکہ محصور عسکریت پسندوں کو بے اثر کیا جا سکے۔
علاقے میں اضافی نفری تعینات ہے اور تلاشی کارروائی جاری ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ (کے این سی)










