امت نیوز ڈیسک ///
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور جموں خطے کے بالائی بالا علاقوں میں ملی ٹینٹوں کی دراندازی کے خدشات کے پیش نظر فوج نے اپنی چوکسی میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے گشت کو مزید سخت کر دیا ہے۔ فوج نے حساس مقامات ، بلند پہاڑی سلسلوں، گھنے جنگلات اور روایتی در اندازی کے راستوں پر مسلسل نگرانی شروع کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بر وقت ناکام بنایا جا سکے ۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج نے جموں خطے کے ان علاقوں میں اپنی موجودگی مضبوط کر دی ہے جو عموماً شدید برف باری کے بعد ناقابل رسائی ہو جاتے ہیں۔ ان میں بلند پہاڑی چوٹیاں ، دشوار گزار درے، گھنے جنگلات اور سرحدی راستے شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدامات فوج کے خصوصی سرمائی سیکورٹی منصوبے کا حصہ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں دھند ، کرے اور شہری نقل و حرکت میں کمی ملی ٹینسی عناصر کے لیے سازگار حالات پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سیزن میں اب تک خاطر خواہ برف باری نہ ہونے کی وجہ سے درانداز عناصر ان حالات کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں، جس کے پیش نظر فوج نے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے نگرانی اور گشت میں اضافہ کیا ہے۔








