امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 24 دسمبر (جی این ایس): جموں و کشمیر حکومت نے یکم جنوری 2026 سے عوامی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 18 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
جی این ایس کے مطابق یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا، جس کی صدارت پرنسپل سیکریٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ سنتوش ڈی ویدھیا نے کی۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اوینی لاواسا، قائم مقام ٹرانسپورٹ کمشنر انجو گپتا، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی عبدالرشید وار، ایڈیشنل سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ روہت شرما، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر وکاس آنند، اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر جموں جاسمیت سنگھ سمیت پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کئی افسران نے شرکت کی۔ جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر نے ورچوئل موڈ کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔
اجلاس میں آل جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جن کی قیادت چیئرمین کرن سنگھ وزیر کر رہے تھے۔
بحث کے دوران ایسوسی ایشن نے ایندھن کی قیمتوں، ٹیکسوں اور دیگر آپریشنل اخراجات میں مسلسل اضافے کی نشاندہی کی اور بتایا کہ گزشتہ تقریباً پانچ برسوں سے کرایوں میں کوئی نظرثانی نہیں کی گئی، جس کے باعث ٹرانسپورٹ آپریٹروں کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
تفصیلی غور و خوض کے بعد پرنسپل سیکریٹری فنانس نے مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے پوری یونین ٹیریٹری میں عوامی ٹرانسپورٹ کرایوں میں 18 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
حکام کے مطابق نظرثانی شدہ کرایے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔ (جی این ایس)











