امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز کہا کہ ان کی حکومت مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ریٹڈ اور کیژول ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے جلد ہی ایک “منظم اور مرحلہ وار روڈ میپ” کا اعلان کرے گی، جو طویل عرصے سے زیر التوا مطالبہ ہے۔
قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق کہا کہ اس اہم معاملے کے قانونی اور مالی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ سال ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ
“میں اس ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ میری حکومت ایک منصفانہ اور انسانی حل کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ملازمین کی مستقلی کے لیے ایک مرحلہ وار روڈ میپ جاری کیا جائے گا۔”
اس فیصلے سے ہزاروں ایسے ملازمین کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے جو برسوں سے عارضی بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آشا اور آنگن واڑی کارکنان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے انہیں عوامی صحت اور ابتدائی بچپن کی نگہداشت کے نظام کی “ریڑھ کی ہڈی” قرار دیا اور ان کے اعزازیہ کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
علاوہ ازیں، انہوں نے ریاست میں خدمات انجام دینے والے ووکیشنل انسٹرکٹرز کے اعزازیہ میں اضافے کا اعلان بھی کیا۔(کے این ایس)





