امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 16 فروری :جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز جامع سکیورٹی جائزے کے بعد کشمیر اور جموں ڈویژن کے 14 سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ مقامات احتیاطی حفاظتی اقدامات کے تحت تقریباً ایک سال قبل عارضی طور پر بند کیے گئے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ فیصلہ تفصیلی سکیورٹی جائزے اور مشاورت کے بعد لیا گیا ہے۔ انہوں نے کشمیر وادی کے 11 اور جموں خطے کے 3 مقامات پر فوری طور پر سیاحوں کی آمد بحال کرنے کی ہدایت دی۔
کشمیر ڈویژن کے مقامات:
یوسمرگ اور دودھ پتھری (بڈگام)، ڈنڈی پورہ پارک (کوکرناگ)، پیر کی گلی، ڈبجن اور پڈپاون (شوپیاں)، آستان پورہ اور ٹیولپ گارڈن (سرینگر)، تھاجواس گلیشیئر اور ہنگ پارک (گاندربل)، جبکہ وولر جھیل (بارہمولہ) شامل ہیں۔
جموں ڈویژن کے مقامات:
دیوی پنڈی (ریاسی)، ماہو منگت (رام بن) اور مغل میدان (کشتواڑ) سے پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق گریز، اتھواٹو، بنگس (کشمیر) اور رام کنڈ (رام بن) کو برف صاف ہونے کے بعد کھولا جائے گا کیونکہ یہ بالائی علاقے اس وقت برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔
محکمہ سیاحت کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ان مقامات کی بحالی سے مقامی سیاحت اور اس سے وابستہ کاروبار کو فروغ ملے گا، جو طویل بندش کے باعث متاثر ہو رہے تھے۔






