امت نیوز ڈیسک //
جموں، 17 فروری : حکومت نے منگل کے روز واضح کیا ہے کہ کنٹریکچول خواتین ملازمین کے لیے زچگی کی رخصت میں توسیع یا رخصت کے دوران اعزازیہ کی ادائیگی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، جس کی وجہ مالی مشکلات بتائی گئی ہیں۔
وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے قانون ساز اسمبلی میں بی جے پی رکن اسمبلی شگن پریہار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بیان دیا۔ شگن پریہار نے مطالبہ کیا تھا کہ کنٹریکچول خواتین ملازمین کو زچگی کی رخصت میں توسیع دی جائے اور حادثاتی معاملات میں دو ماہ کی رخصت اعزازیہ سمیت فراہم کی جائے۔
اپنے جواب میں وزیر صحت نے کہا کہ اس وقت ایسی کسی تجویز پر غور نہیں کیا جا رہا جس کے تحت کنٹریکچول خواتین ملازمین کو زچگی کی رخصت کے دوران اعزازیہ دیا جائے یا رخصت کی مدت میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سرکاری خزانے پر خاطر خواہ مالی بوجھ پڑے گا۔
وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ موجودہ پالیسی فریم ورک کے تحت جو ضوابط نافذ ہیں، وہی بدستور جاری رہیں گے۔





