امت نیوز ڈیسک//
سری نگر، 21 فروری : سری نگر کے علاقے احمد نگر میں ہفتہ کے روز مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک سرکاری گاڑی سڑک سے پھسل کر نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں فورس کے سات اہلکار زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ دگپورہ کے عمر ہیر علاقے میں اس وقت پیش آیا جب بی پی بنکر گاڑی، جس میں سی آر پی ایف کے اہلکار سوار تھے، سڑک پر موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو گئی۔ گاڑی سڑک سے پھسل کر قریب واقع آبی نالے میں جا گری۔
مقامی لوگوں اور امدادی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو گاڑی سے باہر نکالا اور علاج کے لیے شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ منتقل کیا۔
طبی ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فریکچر اور دیگر چوٹیں آئی ہیں تاہم ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی شناخت نگندر سنگھ، اجیت کمار رام، راج کشور رائے، امیت کمار یادو، راجدھن رام، منکر کمار اور نیرج کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی جانچ سے معلوم ہوتا ہے کہ سڑک کی حالت کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، تاہم حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔






