معاشرہ انسان کی تربیت گاہ ہوتا ہے جہاں اقدار شعور اور کردار پروان چڑھتے ہیں. لیکن جب اسی معاشرے میں نشہ جیسی مہلک برائی جڑ پکڑ لے تو وہ نہ صرف افراد بلکہ پوری قوم کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیتی ہے موجودہ دور میں نشہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومتوں کی جانب سے "نشہ مُکت” جیسے اقدامات اس لعنت کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط اور مثبت قدم ہیں۔
نشہ دراصل ایک ایسی خاموش تباہی ہے جو انسان کو آہستہ آہستہ اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے ابتدا میں یہ وقتی سکون یا خوشی کا ذریعہ محسوس ہوتا ہے مگر جلد ہی یہ عادت ایک خطرناک لت میں تبدیل ہو جاتی ہے انسان اپنی عقل صحت اور اخلاقی قدروں سے دور ہوتا چلا جاتا ہے سب سے زیادہ متاثر نوجوان نسل ہوتی ہے جو ملک کا مستقبل سمجھی جاتی ہے. نشہ نہ صرف ان کے خوابوں کو چکنا چور کرتا ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں کو بھی برباد کر دیتا ہے۔
اسی تناظر میں نشہ مُکت مہم کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے یہ مہم محض نشہ آور اشیاء کی روک تھام تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع سماجی اصلاحی پروگرام ہے اس کے تحت آگاہی مہمات تعلیمی اداروں میں لیکچرز اور میڈیا کے ذریعے شعور بیدار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ لوگ نشے کے نقصانات سے آگاہ ہوں اور اس سے دوررہیں۔ اس کے علاوہ حکومت بحالی مراکز قائم کر کے ان افراد کو نئی زندگی کا موقع فراہم کرتی ہے جو اس لت کا شکار ہو چکے ہیں۔
نشہ مُکت اقدام کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ سزا کے بجائے اصلاح پر زور دیتا ہے نشے کے عادی افراد کو مجرم سمجھنے کے بجائے انہیں مریض تصور کیا جاتا ہے اور ان کا علاج کیا جاتا ہے. یہ ایک مثبت اور انسان دوست سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان ہوتی ہے اس سے نہ صرف متاثرہ افراد کی بحالی ممکن ہوتی ہے بلکہ معاشرے میں ہمدردی اور تعاون کا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔
تاہم اس مہم کی کامیابی صرف حکومتی اقدامات پر منحصر نہیں اس کے لیے عوامی تعاون بھی نہایت ضروری ہے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ان کے ساتھ وقت گزاریں اور انہیں صحیح اور غلط میں تمیز سکھائیں تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ طلبہ کی اخلاقی تربیت پر بھی توجہ دیں جبکہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ مثبت پیغام کو عام کرے۔
مزید برآں سماجی سطح پر بھی ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا ہمیں ایسے ماحول کو فروغ دینا ہوگا جہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کر سکیں کھیل تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کر کے ہم انہیں نشے جیسی برائیوں سے دور رکھ سکتے ہیں۔
آخر میں یہ کہنا چاہوں گی کہ نشہ مُکت ایک ایسا قدم ہے جو نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے اگر حکومت اور عوام مل کر اس مہم کو سنجیدگی سے اپنائیں تو وہ دن دور نہیں جب ہمارا معاشرہ نشے سے پاک ہو کر ترقی خوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن ہوگا۔






