امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ، 12 مئی: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مٹن چوک علاقے میں واقع دارالعلوم میں دورانِ شب آگ لگنے کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک کمسن طالب علم جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کورٹ روڈ پر قائم دارالعلوم بابا حیدر ریشی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ کی شدت کے باعث دارالعلوم کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا، تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، مقامی لوگوں اور دیگر طلبہ کی مشترکہ کوششوں سے آگ پر قابو پالیا گیا۔
واقعے میں چار طلبہ جھلس گئے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ منتقل کیا گیا۔
اسپتال حکام کے مطابق زخمی طلبہ میں سے ایک طالب علم اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت 15 سالہ بلال احمد کمار ولد محمد اکبر ساکن وردوان کے طور پر ہوئی ہے۔
دیگر تین زخمی طلبہ، جن کی عمریں 15 سے 17 برس کے درمیان بتائی جارہی ہیں، جی ایم سی اننت ناگ میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ ایک شدید زخمی طالب علم کو خصوصی علاج کے لیے سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ ہوسکتی ہے۔ پولیس نے معاملے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔






