امت نیوز ڈیسک //
گاندربل، 20 مئی: سنٹرل یونیورسٹی کشمیر نے ملک میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر کفایتی اقدامات کے تحت جمعہ کے روز آن لائن کلاسز اور ورک فرام ہوم نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
کشمیر ڈاٹ کام کے مطابق، یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات 13 مئی 2026 کو وائس چانسلر کی صدارت میں منعقدہ ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات کے بعد منظور کیے گئے۔
حکم نامے کے مطابق 22 مئی 2026 سے یونیورسٹی میں جمعہ کے روز آن لائن تدریس اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کے لیے ورک فرام ہوم نافذ ہوگا، جبکہ ’’گرین سنیچر‘‘ بھی منایا جائے گا۔
انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ جمعہ کو ہونے والی عملی اور لیبارٹری کلاسز، اگر کوئی ہوں، تو انہیں جمعرات کی دوپہر منتقل کیا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں میں خلل نہ آئے۔
مزید کہا گیا ہے کہ شعبہ جاتی اور اسکول سطح کے اجلاس، پی ایچ ڈی وائوا اور ورکشاپس حتی الامکان آن لائن منعقد کیے جائیں گے۔ تاہم ناگزیر حالات یا بیک وقت متعدد سرگرمیوں کی صورت میں مجاز اتھارٹی کی اجازت سے آف لائن اجلاس بھی منعقد کیے جا سکیں گے۔
یہ حکم نامہ ڈپٹی رجسٹرار (ایڈمنسٹریشن) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اگلے احکامات تک نافذ العمل رہے گا۔






