امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آج بروز سنیچر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران روبیو نے مختلف علاقائی اور عالمی مسائل پر اپنے ملک کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم مودی نے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔
مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا کہ "مجھے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں مسلسل پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم نے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔” پی ایم مودی نے کہا کہ "بھارت اور امریکہ عالمی بھلائی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔”
امریکی سفیر سرجیو گور کے مطابق سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم مودی کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی۔ گور نے کہا کہ "ہم نے سکیورٹی، تجارت، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکہ-بھارت تعاون کو گہرا کرنے کے طریقوں پر نتیجہ خیز بات چیت کی۔”
اتوار کو روبیو جے شنکر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے اور امریکی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ روبیو پیر کو آگرہ اور جے پور جائیں گے اور کواڈ وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے لیے منگل کی صبح دہلی واپس آئیں گے۔
اس معاملے سے واقف لوگوں نے کہا کہ جے شنکر اور روبیو کے درمیان ہونے والی بات چیت میں توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، اہم ٹیکنالوجیز اور لوگوں کے درمیان تبادلے میں بھارت-امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کرنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق کے بیچ مغربی ایشیا کے بحران اور توانائی کی فراہمی سمیت اس کے اقتصادی اثرات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
روبیو کا بھارت دورہ سکریٹری خارجہ وکرم مصری کے واشنگٹن ڈی سی کے تین روزہ دورے کے پانچ ہفتے بعد ہوا ہے، جس نے غیر یقینی صورت حال اور کشیدگی کے دور کے بعد تعلقات کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی تھی۔
واشنگٹن کی طرف سے بھارت پر محصولات عائد کرنے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ مئی میں پاک بھارت فوجی جھڑپوں کو کم کرنے میں اپنے کردار کے بارے میں متنازع بیانات دینے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ گذشتہ چند مہینوں کے دوران، امریکی صدر نے بار بار اور عوامی سطح پر یہ دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں پڑوسیوں کے درمیان فوجی تنازع کو حل کیا اور لاکھوں جانیں بچائیں کیونکہ یہ ایک آر پار جنگ کی طرف بڑھ رہی تھی۔
وہیں نئی دہلی نے بارہا اصرار کیا کہ چار روزہ جنگ بھارت اور پاکستان کے درمیان بات چیت کے نتیجے میں ختم ہوئی تھی اور امریکہ کی شمولیت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔





