امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 25 مئی: گلمرگ گنڈولا میں پیر کے روز فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث تقریباً 300 سیاح 65 کیبنوں میں فضا میں معلق ہو کر پھنس گئے، جنہیں سات گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایشیا کی بلند ترین کیبل کار سروس میں دوپہر کے وقت خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد فوج، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف پر مشتمل مشترکہ ٹیموں نے فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی۔ بعض کیبن زمین سے تقریباً 500 فٹ کی بلندی پر ہونے کے باعث ریسکیو میں دشواری پیش آئی جبکہ شدید بارش نے بھی کارروائی متاثر کی۔
ریسکیو ٹیموں نے رسیوں اور سیڑھیوں کی مدد سے تمام سیاحوں کو بحفاظت نیچے اتارا۔ حکام کے مطابق گونڈولا کے دونوں مراحل کی سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے جبکہ نظام کی بحالی کا کام جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی ڈی جی پی نلین پربھات کو موقع پر پہنچ کر کارروائی کی نگرانی کی ہدایت دی تھی۔





