ماں ایک ایسا لفظ ہے جو زبان پر آتے ہی دل میں محبت، سکون اور احترام کے جذبات پیدا کر دیتا ہے۔ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا رشتہ ہو جو ماں کے رشتے کی برابری کر سکے۔ ماں کی محبت بے لوث ہوتی ہے اور اس کی شفقت انسان کو زندگی کے ہر مرحلے میں سہارا دیتی ہے۔
بچہ جب اس دنیا میں آنکھ کھولتا، ہے تو سب سے پہلے ماں ہی کو دیکھتا ہے۔ ماں اپنی اولاد کی خوشی کے لیے ہر قسم کی قربانی دیتی ہے۔ وہ راتوں کو جاگ کر اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہے اور ان کی کامیابی کے لیے دعا گو رہتی ہے۔ ماں کی دعائیں اولاد کے لیے ایک قیمتی خزانہ ہوتی ہیں جو زندگی کے مشکل راستوں کو آسان بنا دیتی ہیں۔
ماں محبت، خلوص اور ایثار کا دوسرا نام ہے۔ اس کی نرم گفتگو، شفقت بھرا انداز اور بے پناہ محبت انسان کے دل میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو جاتی ہے۔ ماں نہ صرف بچوں کی پہلی استاد ہوتی ہے بلکہ انہیں اچھے اخلاق، محبت اور احترام کا درس بھی دیتی ہے۔ وہ اپنی اولاد کو صحیح اور غلط میں فرق کرنا سکھاتی ہے اور انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔
ترقی اور کامیابی کے سفر میں ماں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ وہ ہمیشہ چاہتی ہے کہ اس کے بچے تعلیم حاصل کریں، اچھے انسان بنیں اور معاشرے میں عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزاریں۔ اولاد کی کامیابی ماں کے لیے سب سے بڑی خوشی ہوتی ہے اور وہ اپنے بچوں کی ہر کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ماں اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی ماں کی قدر کریں، اس کا احترام کریں اور اس کی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں۔ جو لوگ اپنی ماں کی عزت کرتے ہیں، وہ دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔





