امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 5 جون: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گاندربل میں "نشہ مکت جموں و کشمیر مہم” کے تحت ایک عوامی ریلی میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں منشیات اور نارکو ملی ٹنسی کے خلاف ایک تاریخی عوامی تحریک جنم لے چکی ہے۔
گاندربل میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 55 دنوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں۔ ان کے مطابق اس مدت میں 1,036 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 1,128 منشیات اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا، 100 سے زائد جائیدادیں ضبط کی گئیں، 700 کے قریب ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے گئے جبکہ 130 منشیات فروشوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ ایک طرف منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی جبکہ دوسری جانب نشے کے عادی افراد کی بحالی، علاج، مشاورت اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں واپس لانے کی کوشش کرے گی۔
منوج سنہا نے کہا کہ منشیات فروشوں اور نارکو ملی ٹنسی کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا اور نوجوان نسل کو تباہ کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے "سندھ سمواد” نامی ایک پوڈکاسٹ سیریز کا بھی افتتاح کیا اور "نشہ مکت جموں و کشمیر” مہم کے تحت منعقدہ مختلف مقابلوں کے کامیاب شرکاء کو اعزازات سے نوازا۔






