امت نیوز ڈیسک //
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس پر 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق دونوں ممالک نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور مذاکراتی عمل میں قطر، سعودی عرب اور ترکی کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ امریکی بحری ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دی جائے گی، تاہم آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دستخطی تقریب کے بعد کھولا جائے گا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس پر باضابطہ دستخط ہونے کے بعد عمل درآمد شروع کرے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق جنگ بندی کا نفاذ فوری طور پر شروع ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام اور پابندیوں سمیت دیگر اہم معاملات پر آئندہ 60 دنوں تک مزید مذاکرات جاری رہیں گے۔ توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ معاہدے کے باوجود عالمی تیل اور گیس کی سپلائی کو معمول پر آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
تاہم مجوزہ معاہدے کو امریکہ میں بعض ریپبلکن رہنماؤں کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی ہے، جن کا مؤقف ہے کہ یہ معاہدہ 2015 کے ایرانی جوہری معاہدے سے زیادہ مختلف نہیں۔





