امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 21 جون: شمالی کشمیر کے اوڑی علاقے میں اتوار کو ایک المناک سڑک حادثے میں ریٹائرڈ پولیس افسر اور ان کے بیٹے کی موت ہوگئی، جب ان کی گاڑی دریائے جہلم میں جا گری۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایک آلٹو K10 گاڑی اوڑی کے علاقے میں حادثے کا شکار ہو کر دریائے جہلم میں جا گری۔ حادثے میں 25 سالہ سید امتیاز حسین ولد سید احمد شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ بعد ازاں ان کی لاش دریا سے برآمد کر لی گئی۔
ان کے والد سید احمد شاہ ولد سید عالم حسین شاہ، عمر تقریباً 68 برس، جو محکمہ پولیس میں ریٹائرڈ سب انسپکٹر تھے، شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال یوری منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس اور مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش جاری ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔






