امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 13 جولائی: سری نگر سے رکنِ پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ ان کے اپنی جماعت نیشنل کانفرنس کے ساتھ بعض معاملات پر اختلافات ضرور ہیں، تاہم وہ سیاسی خرید و فروخت (ہارس ٹریڈنگ) کے سخت خلاف ہیں اور موجودہ حکومت کو اپنی آئینی مدت مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
شوپیان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روح اللہ مہدی نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے اندر اختلافِ رائے کو منتخب حکومت کو گرانے کی کوششوں کی حمایت سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا، "میرے اپنی پارٹی کے ساتھ اختلافات ہیں، لیکن میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہوں۔ اس حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔”
آغا روح اللہ نے زور دے کر کہا کہ جمہوری حکومتوں کو اپنی مدت مکمل کرنے دی جانی چاہیے اور سیاسی اختلافات کا حل جمہوری اور آئینی طریقوں سے ہی نکالا جانا چاہیے، نہ کہ غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے۔






