امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 14 جولائی:جے کے ریولیوشن کے ایڈیٹر اِن چیف زی شان محی الدین اور ایگزیکٹو ایڈیٹر اسرار الحق نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے لوک بھون میں ملاقات کی۔ اس دوران دونوں کے درمیان امن، ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قوم کی تعمیر میں ذمہ دار میڈیا کے کردار سے متعلق مختلف امور پر خوشگوار تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی دور اندیش قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں جموں و کشمیر میں امن کے قیام، بہتر طرزِ حکمرانی، بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی اور سماجی و معاشی پیش رفت کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے عوام کے لیے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے انتظامیہ کی مسلسل کوششوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے خاص طور پر لیفٹیننٹ گورنر کی “نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان” کو ایک بروقت اور مؤثر اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے عوامی بیداری مہمات، عوامی شمولیت اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی سمیت انتظامیہ کے جامع اقدامات کو سراہا، جن کا مقصد ایک منشیات سے پاک جموں و کشمیر کی تعمیر ہے۔
زی شان محی الدین اور اسرار الحق نے ذمہ دارانہ اور تعمیری صحافت کے لیے جے کے ریولوشن کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ جموں و کشمیر میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں، ترقیاتی اقدامات اور عوام کی امنگوں کو اجاگر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مقامی میڈیا کے کردار کو مزید مؤثر بنانے اور جموں و کشمیر کی مثبت تصویر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر سے رہنمائی بھی طلب کی۔






