امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 14 جولائی : محکمہ موسمیات، سرینگر نے جموں و کشمیر میں 18 جولائی سے موسم میں نمایاں تبدیلی کی پیش گوئی کرتے ہوئے شدید بارشوں اور حساس علاقوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا انتباہ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 جولائی تک موسم عمومی طور پر گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
پیش گوئی کے مطابق 18 جولائی سے موسم ابر آلود ہو جائے گا اور جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جموں خطے کے بعض مقامات پر مختصر وقت کے لیے موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
20 سے 22 جولائی کے درمیان بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی، جبکہ 21 جولائی کو بارشوں کا سلسلہ اپنے عروج پر رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور جموں دونوں خطوں کے چند مقامات پر شدید بارش یا مختصر وقفے کے لیے انتہائی تیز بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 23 جولائی کو بھی کئی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے۔
محکمہ نے اپنی ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ 18 جولائی کی رات، 19 جولائی کی صبح اور 20 سے 22 جولائی کے دوران، خاص طور پر دوپہر کے بعد، رات گئے اور علی الصبح شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔
محکمہ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث چناب ویلی، پیر پنجال رینج اور کشمیر کے بعض پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے، ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔






