امت نیوز ڈیسک //
پونچھ، 19 جولائی: پونچھ اور راجوری کے سرحدی اضلاع میں موسلا دھار بارش کے باعث اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم آٹھ افراد جاں بحق جبکہ چھ افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی پونچھ کے سرنکوٹ علاقے کے لوئر مُرّہ میں ہوئی، جہاں کئی مکانات ملبے تلے دب گئے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف، سول انتظامیہ اور مقامی رضاکار لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شدید بارش کے باعث پونچھ اور راجوری کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، رہائشی مکانات، گاڑیوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں کو ندی نالوں، دریا کے کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔






