امت نیوز ڈیسک //
ریاض: سعودی عرب کے بادشاہ اور حرمین شریفین کے متولی سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے منگل کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کا وزیراعظم مقرر کرنے کا شاہی فرمان جاری کیا۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہ سلمان نے شاہی حکم جاری کیا کہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم ہوں گے۔ شاہی حکم نامے میں شہزادہ خالد بن سلمان کی بطور وزیر دفاع تقرری بھی شامل تھی۔
ایک اور شاہی فرمان میں بادشاہ نے ولی عہد کی سربراہی میں وزراء کی کونسل کی تشکیل نو کی۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعلقہ شاہی احکامات پر اور عوامی مفاد کے تقاضوں کی بنیاد پر وزراء کونسل میں اصلاحات کا حکم دیا۔مزید پڑھیں:۔ کشمیری شال اوڑھے سعودی ولی عہد شہزادے کا فوٹو وائرلجب سے شہزادہ محمد بن سلمان نے 2017 میں ولی عہد کے طور پر اپنا عہدہ سنبھالا ہے، انہوں نے مملکت میں قانونی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی تبدیلیوں کے سلسلے کی قیادت کی ہے۔ان تبدیلیوں کی وجہ سے مملکت کی سماجی اور اقتصادی کشادگی ایک حکمت عملی کے تحت ہوئی، جس کا مقصد اسے 2030 تک ایک عالمی اقتصادی اور سیاسی مرکز میں تبدیل کرنا ہے، جیسا کہ نوجوان ولی عہد کے ویژن میں بیان کیا گیا ہے۔









