امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی:عالمی رہنماؤں نے پیر کو گجرات کے موربی میں پل گرنے کے المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھارت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن، سعودی عرب کی وزارت خارجہ، نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا، سری لنکا کے صدر رانیل وکرماسنگھے نے گجرات میں موربی سانحہ پر صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
روسی صدر پوتن نے گجرات میں المناک سانحہ پر تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی اور حمایت کے ساتھ ساتھ اس آفت سے متاثر ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ نیپال کے وزیراعظم شیر بہادر دیوبا نے بھی گجرات میں ہونے والے المناک واقعہ پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ دیوبا نے ٹویٹ کیا کہ میں گجرات کے موربی میں پل گرنے کے المناک واقعہ سے بہت افسردہ ہوں۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہم حکومت ہند اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ہماری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔سعودی عرب نے بھی گجرات کے موربی ضلع میں جانوں کے ضیاع پر بھارت سے تعزیت کا اظہار کیا۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھارت میں ایک پل کے بدقسمتی سے گرنے کی وجہ سے مملکت نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور رشتہ داروں اور ہندوستان کے لوگوں کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے موربی شہر میں پل گرنے پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔صدر کے دفتر سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک پیغام میں، وکرماسنگھے نے کہا کہ وہ موربی میں پل گرنے کے المناک واقعے سے صدمہ اور غمزدہ ہیں۔ سری لنکا کی حکومت اور عوام آپ، ہندوستان کی حکومت اور عوام بالخصوص ان شہریوں کے خاندانوں کے تئیں جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں گہرے تعزیت کا اظہار کرنے میں میرے ساتھ شامل ہیں۔ صدر نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی ہو اور بچاؤ اور بحالی کے کاموں میں ہر طرح کی کامیابی کے لیے نیک خواہش کا اظہار کیا۔غیر ملکی سفیروں نے بھی گجرات کے موربی میں پل گرنے کے المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھارت کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا۔جن سفیروں نے تعزیت کا اظہار کیا ان میں روس کے سفیر ڈینس علیپوف، فرانس کے سفیر، کیمرون میکے، کینیڈا کے ہائی کمشنر کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں امریکی سفارت خانہ بھی شامل ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 141 ہو گئی۔ گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے کہا کہ واقعہ کے سلسلے میں فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دراصل اتوار کی شام گجرات کے موربی میں تقریباً 500 لوگ برطانوی دور کے کیبل پل پر سیرو تفریح کی غرض سے پہنچے تھے لیکن پل اچانک ٹوٹ جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگ دریا میں گرنے لگتے ہیں۔ اس حادثے میں کم از کم 141 افراد ہلاک ہو گئے اور تقریباً 100 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ پل لوگوں کی کثرت تعداد کی وجہ سے ٹوٹ گیا۔ ذرائع کے مطابق ماچو ندی پر بنے اس پل پر 100-150 لوگوں کے آنے جانے کی گنجائش تھی لیکن حادثے کے دن یعنی اتوار کو اس پل پر گنجائش سے 5 گنا زیادہ لوگ موجود تھے۔یہ پل تقریباً ایک صدی پرانا تھا اور مرمت و تزئین و آرائش کے کام کے بعد اسے پانچ روز قبل ہی عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ گجرات کے وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی نے موربی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔










