امت نیوز ڈیسک //
جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آی اے) کی طرف سے آج صبح کئی مقامات پر چھاپے مار کاروائیاں انجام دی گئیں اور جماعت اسلامی کی متعدد جائیدادوں کو سربمہر کردیا گیا۔
ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ ضلع شوپیاں کے بٹہ پورہ،بٹہ گنڈ، بنہ گام اور چتراگام سمیت قریب 7 مقامات پر چھاپے مارے جس دوران جماعت اسلامی تنظیم کی پراپرٹیز کو سربمہر کردیا گیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں سچن کمار کے مطابق ریاستی تحقیقاتی ایجینسی کشمیر نے مواصلات نمبر SIA/FIR-17-19/22/7010-14 تاریخ 5 نومبر کو مطلع کیا کہ بٹامالو پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 17/2019 کے کیس کے سلسلے میں تفتیش کے دوران 9 جائیدادیں منظر عام پر آئی ہیں جو شوپیاں میں واقع ہیں ۔ یہ تمام جائیدادیں کلعدم تنظیم جماعت اسلامی کی ملکیت ہیں۔
واضح رہے کہ کہ 28 فروری 2019 کو مرکزی وزارت داخلہ نے یو اے پی اے کے تحت اس تنظیم یعنی جماعت اسلامی کو پانچ سال کے لئے کالعدم قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ جماعت اسلامی کشمیر عسکریت پسند تنظیموں کے رابطے میں ہے اور کشمیر اور دوسری جگہوں میں انتہا پسندی اور ملی ٹنسی کی تائید کرتی ہے۔










