امت نیوز ڈیسک //
موجودہ انتظامیہ پر وادی کو تاریک دور میں دھکیلنے کا الزام لگاتے ہوئے، پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) کے جنرل سیکر یٹری غلام نبی ہانجورہ نے کہا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار ہر محاز پر ناکام ثابت ہو چکی ہے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پورا کشمیر مکمل اندھیروں میں تبدیل ہو چکا ہے اور حکمران بجلی کی پیداوار میں اضافے کے جھوٹے دعوے کرنے میں مصروف ہیں۔ ہانجورہ نے کہا کہ بجلی کا بحران موجودہ انتظامیہ کی ایک بڑی ناکامی کی نشاندہی کرتی ہے جس نے معاشرے کے تمام طبقات کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا خیال ہے کہ بجلی لوگوں کا بنیادی حق ہے خاص طور پر ان سردی کے حالات میں، کیونکہ ان دنوں زندگی مکمل طور پر بجلی پر منحصر ہے.
ایڈوکیٹ غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا کہ پی ڈی پی نے اپنے مختصر دور میں پاور سیکٹر کو ہموار کیا اور بجلی کی معقول فراہمی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر میں بھی میٹر والے علاقوں کو روزانہ کی بنیاد پر بجلی کی بھاری کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور دور دراز علاقوں میں کئی دن ایک ساتھ بجلی بند رہتی ہے۔ بغیر میٹر والے علاقوں میں لوگوں کو روزانہ 10 گھنٹے بجلی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے.










