امت نیوز ڈیسک //
دہلی : جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی و پی ڈی پی رہنما محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر انتظامیہ کی کشمیر میں مبینہ تجاوزات مخالف مہم کے خلاف دہلی میں احتجاج کیا۔ اسی دوران انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ احتجاج کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ‘غنڈہ راج’ ہے۔ کشمیر کو افغانستان کی طرح تباہ کیا جا رہا ہے۔ اس دوران پولیس نے محبوبہ مفتی اور پی ڈی پی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ دہلی پولیس نے پی ڈی پی رہنما محبوبہ مفتی کو احتجاج کے دوران حراست میں لے لیا ہے۔ محبوبہ مفتی جموں و کشمیر میں جاری مبینہ تجاوزات مخالف مہم کی مخالفت کے لیے دہلی پہنچی تھیں۔ پولیس نے محبوبہ مفتی کے ساتھ ہی پی ڈی پی رہنماؤں کو بھی حراست میں لیا۔
ان دنوں جموں و کشمیر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ تجاوزات ہٹانے کے خلاف مقامی لوگوں کا احتجاج جاری ہے۔ دریں اثناء اپوزیشن لیڈران اس معاملے میں جموں و کشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس سے قبل محبوبہ مفتی نے اس معاملے پر چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کو خط لکھا تھا۔ انہوں نے خط میں کہا تھا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں پر ظلم کیا جا رہا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، لیکن عدلیہ کی جانب سے اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔







