امت ویب ڈیسک//
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے اٹھارہویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو با آسانی 62 رنز سے شکست دےکر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کے 368 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 305 رنز بناسکی، عبداللہ شفیق 64 ، امام 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی رواں ورلڈکپ میں یہ دوسری شکست ہے، قومی ٹیم نے چار میچز کھیلے ہیں جس میں بھارت اور آسٹریلیا کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے کیا۔
آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 163 اور مچل مارش نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 5 اور حارث سہیل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف سب سے بڑا ٹوٹل کرنے والی ٹیم بن گئی
367 رنز کی بدولت آسٹریلیا ورلڈکپ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔
اس سے قبل رواں ورلڈکپ میں ہی سری لنکا نے 10 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف 344 رنز بنائے تھے۔









