امت نیوز ڈیسک //
کپوارہ (جموں کشمیر): شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حفاظتی اہلکاروں نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق ضلع کے مچھل سیکٹر میں ایل او سی پر مستعد فوجیوں نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے جب کہ اس آپریشن میں دو دراندازوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، تاہم ابھی تک ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ جموں کشمیر پولیس نے دو ہلاکتوں کی تصدیق سماجی رابطہ گاہ ایکس پر کی ہے۔
فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ابھی بھی آپریشن جاری ہے اور علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی انجام دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ کپوارہ ضلع میں رواں برس متعدد دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ سرحد کے اُس پار وادی کشمیر میں داخل ہونے والے درجن سے زائد عسکریت پسندوں کو اب تک ہلاک کیا گیا ہے۔ تاہم اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول سمیت صوبہ جموں میں بین الاقوامی سرحد پر ڈرونز کو بھی گرایا گیا ہے۔
فوج اور پولیس کی جانب سے دراندازی کو روکنے کے لیے کوششیں بدستور جاری ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیز کا ماننا ہے کہ ایل او سی سمیت بین الاقوامی سرحد پر دراندازوں کے علاوہ اب ڈرونز کے ذریعے سے بھی جموں و کشمیر میں منشیات اور ہتھیار پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جن میں سے بیشتر کو حفاظتی ایجنسیز کی جانب سے ناکام بنا دیا جاتا ہے۔








