امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 08 جون: ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کشمیر نے 2013 میں ہیگام سوپور میں ‘چار پولیس اہلکاروں کے قتل’ کے معاملے کے سلسلے میں ہفتہ کو گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مارا۔
ایک اعلیٰ اہلکار نے سری نگر کی خبر رساں ایجنسی کشمیر ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایس آئی اے نے احمد اللہ ملہ ولد عبدالاحد کے دلال محلہ، نواب بازار سری نگر میں رہائشی مکان پر چھاپہ مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن تارزو سوپور اب ایس آئی اے کشمیر میں درج ایف آئی آر نمبر 42 آف 2013 میں تلاشی لی جارہی ہے۔
یہ تلاشیاں خصوصی عدالت کی طرف سے جاری کردہ سرچ وارنٹ کی پیروی میں کی جا رہی ہیں، اہلکار نے کہا، انہوں نے مزید کہا کہ، مقدمہ ابتدائی طور پر سوپور پولیس نے درج کیا تھا اور اس کے بعد اسے مزید تحقیقات کے لیے ایس آئی اے کشمیر کو منتقل کر دیا گیا تھا۔ اپریل 2013 میں، سوپور شہر کے مضافات میں ہیگام علاقے میں ایک عسکری حملے میں چار پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔
سوپور کی چھورو سے پولیس پارٹی ایک رکشک گاڑی میں علاقے کی طرف جا رہی تھی کہ گھات لگائے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے اس دوپہر تقریباً 5.25 بجے پیر محلہ کے قریب حملہ کیا۔
مارے جانے والوں کی شناخت کانسٹیبل عبد الرحیم (تلہ ملا، گندربل)، مدثر احمد (نور باغ، سری نگر) اور اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) گلشن احمد (کانسپورہ، بارہمولہ) اور مدثر احمد پرے (کریری، بارہمولہ)کے طور پر ہوئی ہے۔










