امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، جموں و کشمیر: عبدالرشید شیخ، جنہیں انجینئر رشید کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، آخر کار انھوں نے جمعہ کو بارہمولہ لوک سبھا حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ کے طور پر حلف لے لیا۔ آغا سید روح اللہ مہدی (سرینگر سے ایم پی)، میاں الطاف (اننت ناگ سے ایم پی)، جگل کشور شرما (جموں سے ایم پی)، اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ (ایم پی ادھم پور) نے جون میں حلف لیا تھا اس کے ٹھیک دس دن بعد انجینئر رشید نے حلف لیا ہے۔ 56 سالہ سیاست دان، جو عسکریت پسندوں کی فنڈنگ کے الزامات کے تحت پانچ سال سے زیادہ عرصے سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں، کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 2 جولائی کو دو گھنٹے کی حراستی پیرول پر رہائی دی تھی۔
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے حلف برداری کی تقریب میں انجینئر رشید کے اہل خانہ بشمول ان کے بیٹے اسرار رشید اور ابرار رشید، بیٹی، بیوی، بھائی خورشید احمد شیخ، اور کم از کم دو دیگر پارٹی ممبران کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی اجازت دی تھی۔ رشید کی عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے ایک نمائندے نے نئی دہلی سے فون پر ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ، "حاضری درست شناختی کارڈ رکھنے والوں تک محدود تھی، فون اور انٹرنیٹ کے استعمال پر سخت پابندی تھی۔” تقریب کے بعد، انجینئر رشید واپس جیل جائیں گے۔ عدالت کے حکم کے مطابق انھیں میڈیا یا دیگر لوگوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انجینئر رشید نے بارہمولہ لوک سبھا الیکشن میں جے کے این سی کے عمر عبداللہ، جے کے پی سی کے سجاد غنی لون، اور جے کے پی ڈی پی کے فیاض احمد میر جیسے امیدواروں سے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔








