امت نیوز ڈیسک //
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ کو بانہال سے جوڑنے والی نویوگ ٹنل کو آنجہانی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وقف کیا جانا چاہئے۔اسی دوران انہوںنے بھاری برفباری کے بعد ہنگامی حالات میں بجلی سپلائی بحال کرنے اور سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے متعلقہ محکموں کی سراہنا کی ۔
سی این آئی کے مطابق سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبد اللہ نے کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جموں و کشمیر کیلئے بہت کچھ کیا۔انہوں نے کہا ”سرینگر جموں قومی شاہراہ کو چار لین کرنے کا کام ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور حکومت میں کیا گیا تھا۔ آج جموں اور سرینگر کے درمیان کا فاصلہ 5 گھنٹے میں طے ہوتا ہے اور یہ ان کا تعاون ہے“۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نویوگ ٹنل کو ڈاکٹر منموہن سنگھ ٹنل کا نام دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا ” ہائی وے پر نئی سرنگوں کا کریڈٹ کسی کو لینے دیں لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کی ترقی کا عمل آنجہانی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے شروع کیا تھا“۔وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ایک سچا سیاستدان قرار دیا اور کہا کہ جموں و کشمیر کے تئیں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا ”ڈاکٹر سنگھ کے دور حکومت میں کشمیر پر گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، مکالمہ کاروں کا تقرر کیا گیا، کنٹرول لائن کے پار تجارت شروع کی گئی، جموں و کشمیر کے طلباءکیلئے خصوصی اسکالرشپ سکیم متعارف کرائی گئی، کشمیری پنڈتوں کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے اور بہت سے دوسرے اقدامات کیے گئے“۔
اسی دوران وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ وادی میں حالیہ برف باری کی وجہ سے بجلی کی بندش سے نمٹنے کیلئے محکمہ بجلی نے ایک قابل ذکر کام کیا۔ انہو ں نے کہا ”یہ نمبر پوری کہانی بتاتے ہیں۔ صبح 4 بجے اور صبح 10 بجے کے درمیان بجلی کی سپلائی میں زبردست کمی واقع ہوئی کیونکہ سسٹم برف کی زد میں آ گیا تھا۔ صبح 10 بجے سے مانگ بڑھنی شروع ہو جاتی ہے کیونکہ سسٹم کو دوبارہ آن لائن لایا گیا اور نقصان کی مرمت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ زمین پر کام کرنے پر محکمہ بجلی کے ملازمین کو خراج تحسین ہے۔
اسی دوران انہوں نے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی نے سڑکوں اور گلیوں سے برف ہٹانے کا جو کام کیا وہ بھی ایک اچھا کام تھا۔ وہ مرکزی سڑکوں کو کھولنے کیلئے تیزی سے آگے بڑھے اور پھر ترجیحی شیڈول کے مطابق اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ آج توجہ چھوٹی سڑکوں اور اندرونی گلیوں پر مرکوز ہے۔











