امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: آتشی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ آج اتوار کو تقریباً 11 بجے صبح راج بھون پہنچیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی ایل جی نے اسمبلی کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی نئی اسمبلی کی تشکیل کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ اب حکومت سازی کا عمل فوراً شروع ہو جائے گا۔
آتشی کے استعفے کے ساتھ ہی بی جے پی کے نومنتخب ممبران اسمبلی پرویش ورما، کیلاش گہلوت، ارویندر سنگھ لولی، راجکمار چوہان اور نیرج بسویا کی راج بھون پہنچے اور لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ بی جے پی رہنما پرویش ورما نے نئی دہلی اسمبلی سیٹ پر عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس وجہ سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے ان کی دعویداری مضبوط مانی جا رہی ہے۔
جے پی نے حکومت بنانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پارٹی جلد ہی اپنی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بلائے گی اور وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے امیدوار کا انتخاب کرے گی۔ اب سب کی نظریں لیفٹیننٹ گورنر پر ہیں، جو بی جے پی کو حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اروند کیجریوال کے استعفیٰ کے بعد سابق وزیر اعلیٰ آتشی نے 21 ستمبر 2024 کو عہدے کا حلف لیا تھا۔ اس الیکشن میں دہلی کے عوام نے عام آدمی پارٹی کو اقتدار سے بے دخل کر دیا۔ اس بات عآپ کو صرف 22 سیٹیں ملی ہیں، جب کہ بی جے پی 48 سیٹوں کے ساتھ مکمل اکثریت کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔









