امت نیوز ڈیسک //
کٹھوعہ: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع کٹھوعہ کے لوہائی ملہار علاقے میں تین شہریوں کی گمشدگی کے بعد حفاظتی اہلکاروں نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لاپتہ ہوئے تینوں افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے تاہم راستے میں لاپتہ ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خبر موصول ہوتے ہی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (SOG) نے مشترکہ طور سرچ آپریشن کا آغاز کیا ۔ سیکورٹی فورسز نے جنگلاتی علاقوں اور آس پاس کے دیہات میں تلاشی مہم تیز کر دی ہے، کیونکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی گمشدگی کے پیچھے کوئی مجرمانہ سرگرمی یا عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، یہ تینوں افراد جمعرات کو شادی میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے، لیکن اپنی منزل پر نہیں پہنچے۔ جب اہل خانہ کا ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہو سکا تو انہوں نے فوراً حکام کو اطلاع دی جس کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
حکام نے لاپتہ شہریوں کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں تلاش کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ سرچ آپریشن میں شامل ایک پولیس افسر نے کہا، ’’ہماری ٹیمیں علاقے کی مکمل چھان بین کر رہی ہیں اور ہر ممکنہ سراغ کی جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘
دریں اثناء، انتظامیہ نے مقامی باشندوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی بھی معلومات ہوں تو وہ فوراً فورسز کو آگاہ کریں۔ سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ گمشدہ افراد کا جلد سراغ لگایا جا سکے۔










