امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے سری نگر کے مضافات میں مویشی چرانے والی ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس خاتون کی موت سنگین زخموں کی وجہ سے ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ خانہ بدوش خاتون اپنے مویشی چرا رہی تھی جب سری نگر کے مضافات میں نشاط میں چار نشے میں دھت مقامی افراد نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ، سری نگر پولیس نے واٹر ورکس روڈ، نشاط کے قریب ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے ایک رپورٹ شدہ واقعے کا نوٹس لیا ہے، جسے شدید چوٹیں آئیں اور بعد میں اسے اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ، اس جرم میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ خانہ بدوش خاتون کا تعلق اصل میں ریاسی سے ہے اور وہ اس وقت نشاط میں مقیم تھی، وہ زبروان پہاڑیوں میں اپنے مویشی چرا رہی تھی۔
اس لرزہ خیز واقعے پر پی ڈی پی ، سجاد غنی لون اور الطاف بخاری سمیت کئی سیاسی لیڈران نے واقعہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کی مانگ کی۔










