امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر کے لیبر کمشنر و رجسٹرار آف ٹریڈ یونینز چرندیب سنگھ نے ایک اہم انتظامی اقدام کے تحت یونین ٹریٹری بھر کی 447 ٹریڈ یونینوں اور ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے۔ یہ کارروائی ان یونینوں کی جانب سے ٹریڈ یونین ایکٹ 1926 کے تحت لازمی سالانہ گوشوارے جمع نہ کروانے پر عمل میں لائی گئی ہے۔
ٹریڈ یونین ایکٹ کے سیکشن 28 کے مطابق، ہر رجسٹرڈ ٹریڈ یونین پر لازم ہے کہ وہ اپنی آمدنی، اخراجات، اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات پر مشتمل آڈٹ شدہ سالانہ گوشوارہ متعلقہ اتھارٹی کے پاس جمع کرائے۔ تاہم، متعدد نوٹسز اور "ایز آف ڈوئنگ بزنس” اصلاحات کے تحت متعارف کردہ ڈیجیٹل سسٹم کے باوجود، یہ یونینیں مسلسل عدم تعاون کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔ کارروائی کی زد میں آنے والی کئی یونینز گزشتہ ایک دہائی سے بھی زائد عرصے سے غیر فعال تھیں۔
چرندیب سنگھ نے کہا کہ "یہ کارروائی ٹریڈ یونین ایکٹ کے سیکشن 10 (b) کے تحت مکمل قانونی عمل اور خاطر خواہ نوٹسز کے بعد کی گئی ہے۔ سالانہ گوشواروں کا جمع نہ کروانا ایک سنگین قانونی خلاف ورزی ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ متعلقہ یونین یا تو غیر فعال ہو چکی ہے یا اس کا وجود ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم صرف انہیں ٹریڈ یونینز کو تسلیم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو سرگرم اور جوابدہ ہوں، تاکہ محنت کشوں کے حقوق کا حقیقی تحفظ ہو اور منظم لیبر کی ساکھ میں بہتری آئے۔”
lیہ فیصلہ ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو ٹریڈ یونینز کے نظم و نسق کو مضبوط بنانے اور شفافیت کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ واضح رہے کہ جن یونینوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے، ان میں سے بعض کی طرف سے دائر کردہ مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جن کے فیصلوں سے یہ کارروائی مشروط ہو سکتی ہے۔










