امت نیوز ڈیسک //
جموں: امر ناتھ یاترا 2025 کے پیش نظر، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل گیانندر پرتاپ سنگھ نے جموں میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں یاترا کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سی آر پی ایف نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر بتایا کہ "ڈی جی سی آر پی ایف جی پی سنگھ نے جموں سیکٹر ہیڈکوارٹر میں سینئر افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کیا تاکہ امر ناتھ یاترا 2025 کے لیے سیکیورٹی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔”
یاترا کے محفوظ اور پرسکون انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے زائرین کی نقل و حرکت کے انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔شری امرناتھ شرائن بورڈ (ایس اے ایس بی) کے اعلان کے مطابق، 38 روزہ امر ناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ اس یاترا کے دوران عقیدت مند 3,880 میٹر بلند جنوبی کشمیر کی پہاڑی غار تک کا سفر طے کریں گے۔
بدھ کے روز، ڈی جی سی آر پی ایف نے وادی کشمیر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یاترا کے سلسلے میں اسٹریٹجک تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیس کیمپس اور ٹرانزٹ کیمپس سمیت اہم مقامات کا دورہ کیا، جہاں زمینی سطح پر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے زائرین کے لیے ایک محفوظ، ہموار اور روحانی تجربہ یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ امر ناتھ یاترا کے لیے دو راستے دستیاب ہیں، ایک روایتی 48 کلومیٹر طویل راستہ پہلگام (ضلع اننت ناگ) سے اور دوسرا 14 کیلومیٹر مختصر مگر دشوار گزار راستہ بالتل (ضلع گاندربل) سے۔











