امت نیوز ڈیسک //
جموں : جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے کمپلیکس کی لابی میں منگل کی صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کمپلیکس میں آتشزدگی اُس مقام پر نمودار ہوئی جہاں ماضی میں اسمبلی ارکان آرام کیا کرتے تھے۔ آگ کی اس واردات میں ’’بہترین قانون سازوں‘‘ کی تصاویر اور سابق گورنروں کے پورٹریٹ کو نقصان پہنچا ہے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک اہلکار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ آج صبح تقریباً 10 بجے لابی میں آگ کا واقعہ پیش آیا، جو غالباً ایک چھت کے پنکھے میں شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔ اہلکار نے بتایا: ’’بہترین قانون سازوں کی تصاویر کے علاوہ صوفے سمیت کرسیاں اور دیگر فرنیچر آگ کی زد میں آ گئے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اسمبلی سیکریٹریٹ کے اہلکاروں نے فوری طور پر آگ بجھانے والے آلات کا استعمال کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ آتشزدگی کی واردات میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
ادھر، اسمبلی حکام نے اس واقعے کی ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ چلایا جا سکے۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی جموں و کشمیر میں سرکاری عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ جبکہ سال بھر آگ کی مختلف واردات میں ہزاروں کروڑ روپے مالیت کی املاک خاکستر ہو جاتی ہیں۔









