امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پہلگام حملے کے سلسلے میں دو ملزمان کا پانچ روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ ان دونوں کو آج ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ ان دونوں کو اپریل میں ہوئے حملے کرنے والے ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
این آئی اے نے بٹکوٹ پہلگام کے رہائشی پرویز احمد جوتھر اور ہل پارک، پہلگام کے رہائشی بشیر احمد جوتھر کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔ یہ گرفتاریاں 22 اپریل کے اس حملے کی تحقیقات میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہیں، جس میں ایک مقامی گھوڑے بان سمیت 26 سیاح ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
این آئی اے کے مطابق، گرفتار شدہ ملزمان نے حملے میں ملوث تین حملہ آوروں کی شناخت ظاہر کی ہے اور اس بات کی بھی تصدیق کی ہے۔
عدالت کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو جموں کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں 27 جون تک پانچ دن کے لیے این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق، پرویز اور بشیر نے جان بوجھ کر تینوں مسلح افراد کو ہل پارک میں ایک جھونپڑی میں پناہ دی تھی اور انہیں خوراک، پناہ گاہ اور دیگر لاجسٹک مدد فراہم کی تھی۔







