امت نیوز ڈیسک //
اُدھم پور: جموں کشمیر کے اُدھم پور ضلع کے بالیاں علاقے میں جمعہ کی صبح ایک تیز رفتار ٹرک اور ایک نجی گاڑی کے مابین ٹکر کے نتیجے میں کار میں سوار پانچ امرناتھ یاتری زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب یاتریوں کا قافلہ جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وسطی کشمیر کے بالتل کی جانب روانہ تھا۔
حادثے کے بعد جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو جی ایم سی اُدھم پور منتقل کیا، جہاں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تمام یاتری ریاست اترپردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کار کو ٹکر مارنے کے بعد ٹرک سڑک کنارے ایک رہائشی مکان سے بھی جا ٹکرایا۔
پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر کیس درج کر لیا ہے اور اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔
دریں اثناء، گزشتہ دنوں خرام موسمی صورتحال کے پیش نظر امرناتھ یاترا دونوں راستوں – بالتل اور پہلگام – پر معطل کر دی گئی تھی، تاہم موسم میں بہتری کے ساتھ ہی آج دونوں راستوں سے یاترا بحال کی گئی۔










