امت نیوز ڈیسک //
منجاکوٹ سے منگلنار تک جانے والی سڑک جو ڈھیری دھرا کے راستے سے گزرتی ہے، اس وقت شدید خستہ حالی کا شکار ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے گڑھے، اُکھڑی ہوئی تارکول، اور ٹوٹی پھوٹی سطح نے مسافروں کا سفر نہایت خطرناک بنا دیا ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد سڑک کی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک نہ صرف عام شہریوں بلکہ اسکول جانے والے بچوں، مریضوں اور ہنگامی گاڑیوں کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔ مگر متعلقہ محکمہ اس سڑک کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ نہ تو مرمت کا کوئی کام شروع کیا گیا ہے، اور نہ ہی کسی آفیسر نے موقع پر جا کر حالات کا جائزہ لیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی بار تحریری اور زبانی طور پر انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا، مگر ہر بار صرف وعدے ہی کیے گئے، عملی طور پر کچھ بھی نہیں ہوا۔ اگر فوری طور پر مرمت کا کام نہ کیا گیا تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
عوام نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد اس اہم سڑک کی مرمت کروائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔











